اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار )راولپنڈی مری روڈ پر واقع یورولوجی ہسپتال کی ملکیتی اراضی کی گلی پر سرکاری محکمہ میونسپل کارپوریشن اور شو روم قابضین میں تنازع شدت اختیار کر گیا.جگہ واگزار کرانے کے لیے جانے والی ٹی ایم اے کی ٹیم پر شوروم قابضین کی جانب سے فائرنگ اور تشدد کیا گیا.میونسپل کارپویشن نے وزیر اعلیٰ اور آئی جی پنجاب اوراعلیٰ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ اورسخت ایکشن لینے کی اپیل کر دی۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی نواز شریف پارک سے متصل یورولوجی ہسپتال کڈنی سینٹر کے ساتھ مین مری روڈ ٹی ایم اے کی ٹیم اپنی جگہ واگزار کرانے گئی تو وہاں پر مقامی شوروم کے لوگوں نے جھگڑا شروع کر دیا ۔ قیصر نامی شخص نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ٹی ایم اے کے ملازمین پر ہوائی فائرنگ کی اور حملہ آور ہو کر شدیدتشدد کیا جس سے کئی ملازمین زخمی ہوئے۔ واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔