• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیفا ورلڈکپ، امریکا کی کامیابی، کینیڈا اور بوسنیا کا میچ برابر، ٹورنٹو اور لاس اینجلس میں بھی دلکش افتتاحی تقریبات


کراچی (شکیل یامین کانگا)فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں میزبان کینیڈا اور بوسنیا ہرزیگووینیا کے درمیان کھیلا گیا میچ برابر رہا جبکہ امریکا نے پیراگوئے کو 1-4 سے شکست دے دی۔ ٹورنٹو کے اسٹیڈیم میں گروپ بی کے میچ میں کینیڈا کی ٹیم نے ابتدا سے ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا ، 21منٹ میں بوسنیا کے جووولوکچ نے خوبصورت گول کرکے ٹیم کو برتری دلا دی۔ دوسرے ہاف میں کینیڈین کھلاڑیوں نے میچ برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی اور کھیل کے78ویں منٹ میں کینیڈا کے گائل نے ایک کک کے ذریعے گول کرکے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کردیا۔ کوشش کے باوجود کوئی ٹیم گول نہ کرسکی، میچ1-1 گول سے برابری پر ختم ہوا۔میکسیکو کے بعد ٹورنٹو میں بھی ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب کا شاندار انعقاد ہوا،جس نے شائقین کے دل جیت لیے۔ٹورنٹو میں کینیڈا اور بوسنیا کے میچ سے قبل ہونیوالی تقریب میں ایلیسیا کارا، جیسی ریز، نورا فتیحی اور ایل یانا سمیت متعدد فنکاروں نے دلکش پر فارمنس دیں۔ اس موقع پر ٹورنٹو کا اسٹیڈیم کینیڈا کے روایتی رنگوں سے سجا ہوا تھا۔ لاس اینجلس میں گروپ ڈی کے میچ میں میزبان امریکی کھلاڑی میچ کے آغاز سےہی کھیل پر چھا ئے رہے۔ بدقسمتی سے میچ میں امریکا کو برتری پیراگوئے کے کھلاڑی بوبا ڈیلا نے گیند اپنےہی جال میں ڈال کر دلوا ئی۔امریکا کو پہلے ہاف کے اختتام تک مخالف ٹیم پر 0-3کی سبقت حاصل تھی ۔امریکا کی جانب سے دوسرا گول امریکی پلیئر بیلوگن نے اسکور کیا جب کہ پہلے ہاف کے اختتام سے چند سیکنڈ پہلے بیلوگن نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کیا۔کھیل کے 73ویں منٹ میں پیرا گوئے کے مارسیوٹیم کا پہلا گول کرکے خسارہ 3-1کیا۔ امریکا کا چوتھا گول اختتامی لمحات کے انجری ٹائم میں گیوانی رینا نے کرکے امریکا کی 1-4 کی کامیابی دلوا دی۔ قبل ازیں ورلڈ کپ کی تیسری افتتاحی تقریب لاس اینجلس میں ہوئی۔

اسپورٹس سے مزید