پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن ونارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور پسماندہ علاقوں کی محرومیوں کے خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی قیادت میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی اور پائیدار ترقی کے عمل کو تیز کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وہ اپنے حلقہ نیابت پی کے 26 بونیر میں پبلک ڈے کے موقع پر عوامی وفود سے بات چیت کر رہے تھے۔ وفود نے صوبائی وزیر کو اپنے علاقوں میں درپیش مسائل، جاری ومجوزہ ترقیاتی سکیموں، بنیادی سہولیات اور دیگر عوامی مشکلات سے آگاہ کیا۔ سید فخر جہان نے عوامی مسائل تفصیل سے سنے اور ان کے فوری حل کے لئے متعلقہ محکموں کے حکام کو موقع پر ضروری ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو ریلیف دینے، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور پسماندہ علاقوں کی محرومیوں کے خاتمے کے لئے عملی کام کر رہی ہے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا وژن شفاف حکمرانی، انصاف کی فراہمی اور عام آدمی کو سہولت دینا ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی قیادت میں صوبائی حکومت اسی وژن کے تحت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پبلک ڈے کا مقصد عوام اور منتخب نمائندوں کے درمیان براہِ راست رابطے کو مضبوط بنانا اور لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حلقہ پی کے 26 بونیر کی ہمہ جہت ترقی، نوجوانوں کو مواقع کی فراہمی اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔