کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیٔرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ سرفراز احمد ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کررہے ہیں۔ یونس خان اور محمد حفیظ کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے لیکن انہیں ذمے داریاں دینے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ دیکھ رہے ہیں کون کس عہدے پر آ سکتا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یونس خان کو ٹیسٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ یا مینٹور بنانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ حفیظ اور دیگر پرانے کھلاڑیوں سے مشاورت ہوتی رہتی ہے ۔ میڈیا والوں کے پاس جب خبر نہیں ہوتی تو وہ اپنی طرف سے خبریں دے دیتے ہیں۔ جدید کرکٹ کے بدلتے تقاضوں کے مطابق نیا سسٹم تیار کیا گیا ہے ۔ ٹیم سلیکشن کیلئے ایک پیپر تیار کیا ہے، 85 فیصد کنٹریکٹ کا طریقہ کار ڈیٹا بیسڈ ہوگا ۔ امید ہے یہ سارا پراسس شفاف ہوگا اور اس پر کوئی اعتراض نہیں کر سکتا۔