پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبرپختونخوا حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کی جانب سے صوبے بھر میں منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔پشاور اور مردان میں مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 63 کلو سے زائد چرس اور 1,060 نشہ آور گولیاں برآمد کرکے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔محکمہ ایکسائز زکے مطابق ایکسائز بیورو آف انٹیلیجنس اینڈ انوسٹیگیشن سکواڈ نے جوائنٹ چیک پوسٹ نزد موٹروے ٹول پلازہ پشاور پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم گل زیب ولد فضل واحد کے قبضے سے 2,400 گرام چرس برآمد کرکے اسے موقع پر گرفتار کر لیا۔اسی طرح تھانہ ایکسائز پشاور نے خفیہ اطلاع پر جوائنٹ چیک پوسٹ پر ایک مسافر گاڑی کی تلاشی کے دوران ملزم نوید جان ولد عبدالرشید سکنہ ناگمان سے 1,185 گرام چرس برآمد کرکے اسے گرفتار کر لیا۔پشاور میں ایک اور کارروائی کے دوران ایکسائز بیورو آف انٹیلیجنس اینڈ انوسٹیگیشن سکواڈ نے سپلائی گیٹ نہر کے قریب جی ٹی روڈ پر ملزم حمید اللہ ولد شریف خان کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 1,060 عدد نشہ آور گولیاں، جن کا مجموعی وزن 432 گرام تھا، برآمد کر لیں۔