کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) بلوچستان ریونیو اتھارٹی کا ایک اہم اجلاس چیئرمین عبداللہ خان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں مختلف پالیسی امور، ادارے کو درپیش انسانی وسائل (ہیومن ریسورس) کی ضروریات ، تنظیمی ترقی، انٹرن شپ پروگرامز اور استعداد کار میں اضافے سے متعلق اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا ۔اجلاس کے دوران بلوچستان ریونیو اتھارٹی ایکٹ کے تحت پالیسیوں کے مؤثر نفاذ، ادارہ جاتی اصلاحات اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ انتظامی ڈھانچے کی تشکیل پر زور دیا گیا۔ شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ مضبوط انسانی وسائل، پیشہ ورانہ تربیت اور استعداد کار میں اضافہ ادارے کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے ناگزیر ہیں۔ اس موقع پر ٹیکس دہندگان کی سہولت کاری، ادارہ جاتی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے، ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ اور خدمات کی فراہمی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے مختلف تجاویز اور اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔