کراچی(اسٹاف رپورٹر) صرافہ ایسوسی ایشن نے ایف بی آرسے مذاکرات معطل کرنے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہےکہ ایف بی آر گینگ وار کی طرز پر جیولرز کو بھتے کی پرچیاں دے رہا ہے،آل پاکستان صرافہ جیم اینڈ جیولرزایسوسی ایشن کے صدر قاسم شکار پوری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسلام آباد میں ہونے والے ہر قسم کے مذاکرات کا بائیکاٹ کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ایف بی آر اپنا شارٹ فال تاجروں سے زبردستی پورا کروانا چاہتا ہے، اس ظالمانہ اقدام کے خلاف منگل کو کراچی سمیت سندھ میں صرافہ مارکیٹیں بند رہیں، مکمل ہڑتال کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے، انہوں نے کہا کہ ایف بی آر حکام ہم سے رشوت طلب کرتے ہیں، پشاور میں ہمارے دو ممبران سے25 کروڑ روپے رشوت مانگی گئی، پچھلے سال 22 ارب روپے کا ٹیکس دیا تھا، ملک بھر کے صرافہ تاجر اس سال 44ارب روپے ٹیکس ادا کریں گے، ایف بی آر گینگ وار کی طرز پر جیولرز کو بھتے کی پرچیاں دے رہا ہے،انہوں نے کہاکہ صرافہ جیولرز پی او ایس قانون ، سیکشن 175سی کو بھی تسلیم نہیں کرتے، ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔