• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایم اے کے وفد کی کمشنر ملتان سے ملاقات،ہسپتالوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا

ملتان(سٹاف رپورٹر) نشتر ہسپتال ون تک آسان رسائی، نشتر روڈ پر پارکنگ مسائل،نشتر 2 ہسپتال میں عملے کی کمی سمیت رہائشی ٹاور اور غیر فعال کینٹین، ڈی ایچ کیو ساؤتھ سٹی ہسپتال کے مسائل سمیت طویل عرصہ سے زیر تکمیل مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال کو جلد از جلد تعمیر کرنے کے مطالبات لئے پی ایم اے ملتان کے وفد نے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج کی سربراہی میں گزشتہ روز کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں سے ملاقات کی اس دوران ضلع کے بڑے سرکاری ہسپتالوں کو درپیش مسائل سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں۔وفد نے اہم مسئلے کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ نشتر ون ہسپتال تک آنے والی سڑک پر سیوریج کا کام مکمل کر کے سڑک کو تاحال مکمل نہیں کیا گیا اور اب پہلے سے جس سڑک پر تجاوزات کی بھرمار ہے اور نشتر روڈ پر نجی پلازوں میں غیر قانونی تجاوزات کی وجہ سے پارکنگ مسائل شدت اختیار کرتے جا رہے ہیں جس کا فوری حل ناگزیر ہے ،اس موقع پر وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ نشتر ٹو جنوبی پنجاب کے عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اہم منصوبہ ہے، تاہم عملے اور بنیادی سہولیات کی کمی کے باعث ہسپتال اپنی مکمل استعداد کے مطابق خدمات فراہم نہیں کر پا رہا۔نشتر 2 کا آئی سی یو غیر فعال ہے،کینٹین موجود نہیں ہے ،پی ایم اے کے وفد نے کمشنر ملتان ڈویژن کو ڈی ایچ کیو ساؤتھ سٹی ہسپتال کو درپیش مسائل کی بھی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ شہری آبادی کے بڑھتے ہوئے طبی دباؤ کے پیش نظر ہسپتال میں سہولیات اور افرادی قوت میں اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے۔ ،اس موقع پر وفد نے طویل عرصے سے زیر تعمیر مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال کا معاملہ بھی اٹھایا ۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے وفد کے مطالبات اور تجاویز کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کے ساتھ مشاورت اور دستیاب وسائل کے مطابق مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات میں ڈاکٹر عمران حیدر قیصرانی، ڈاکٹر رضوان شریف، ڈاکٹر نعیم اختر ،ڈاکٹر ذوالقرنین حیدر اور دیگر ڈاکٹرز بھی شریک تھے۔
ملتان سے مزید