اسلام آباد (قاسم عباسی) گیلپ پاکستان کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ تجزیے کے مطابق، ملک بھر کے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ نجی شعبے کے اساتذہ کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ اعلیٰ تعلیمی اور پیشہ ورانہ قابلیت رکھتے ہیں۔ ادارۂ تعلیم و آگاہی کی مرتب کردہ دیہی و شہری سطح کے اساتذہ سے متعلق قومی ڈیٹا کے مطالعے سے ظاہر ہوتا ہے کہ اعلیٰ پوسٹ گریجویٹ ڈگریاں اور باقاعدہ تدریسی تربیت زیادہ تر سرکاری تعلیمی نظام میں مرتکز ہیں۔ دونوں شعبوں کے درمیان ساختی فرق سب سے زیادہ اعلیٰ تعلیمی کامیابیوں میں واضح ہے۔ سرکاری اسکولوں کے نصف سے زیادہ اساتذہ، یعنی 52.4؍ فیصد، ماسٹرز یا اس سے اعلیٰ ڈگری رکھتے ہیں۔