ملتان (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق واسا ملتان مون سون سیزن اور محرم الحرام کے دوران شہریوں کو بہترین نکاسی آب کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کر رہا ہے۔ ایم ڈی واسا فیصل شوکت کی ہدایت پر شہر بھر میں سیوریج لائنوں، مین ہولز اور نالوں کی صفائی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر آپریشن جاری ہے جبکہ معصوم شاہ روڈ اور حافظ جمال روڈ سے ملحقہ گنجان اباد علاقوں میں نکاسی آب کی شکایات کے تدارک کیلئے دن رات مسلسل آپریشن جاری ہے تمام سیوریج سب ڈویژنوں کی سطح پر خصوصی ٹیمیں دن رات متحرک ہیں۔منگل اور بدھ کی درمیانی شب شہر کے مختلف علاقوں میں محرم الحرام جلوس روٹس پر سیوریج لائنوں کی صفائی کیلئے ڈی سیلٹنگ آپریشن کیا گیا سورج میانی، وڈا تھلہ، سوتری وٹ، آستانہ اللہ بخش، ترین کالونی، کاشف کالونی اور دیگر علاقوں میں سیوریج لائنوں کی صفائی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے ۔دولت گیٹ چوک پر 54 انچ قطر کے مین ہول کی صفائی کیلئے جدید مشینری کے ذریعے خصوصی آپریشن کیا گیا اس اپریشن کی ایم ڈی واسا نے کئی گھنٹے تک خود نگرانی کی ڈائریکٹر ورکس حافظ محمد وقاص اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر انجینئرنگ اسحاق بشیر بھی موقع پر موجود تھے جبکہ مختلف مقامات پر ونچنگ مشینوں کی مدد سے ٹرنک سیوریج لائنوں کی صفائی جاری ہے۔ صفائی کے دوران بڑی مقدار میں کوڑا کرکٹ، پلاسٹک بیگز اور دیگر رکاوٹ پیدا کرنے والا مواد برآمد کیا گیا ۔ایم ڈی واسا فیصل شوکت نے تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز اور سیوریج افسران کو صفائی مہم کی مسلسل نگرانی کرنے، رات کے اوقات میں آپریشن مزید تیز کرنے اور ڈیسلٹنگ میٹریل کی بروقت منتقلی کیلئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈیسلٹنگ مہم میں کسی قسم کی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائیگی‘ انہوں نے ڈیسلٹنگ آپریشن میں مصروف ورکرز کی حفاظت کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے خصوصی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔