• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاریخی معاہدہ، ٹرمپ، پزشکیان کے دستخط، شہباز شریف کی بھی بطور ثالث الیکٹرانک مہر ثبت

واشنگٹن (اے ایف پی /نیوزڈیسک )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اوران کے ایرانی ہم منصب مسعود پزشکیان نے جنگ کے خاتمے کے لیے ایک ابتدائی معاہدے پر دستخط کیے ہیں‘ ان کے ساتھ ثالث کا کردار ادا کرنے والے پاکستانی وزیر اعظم شہباز نے بھی الیکٹرانک دستخط کر دیے ہیں‘تاریخی معاہدے پر تہران میں جشن ‘روس ‘ چین ‘جی سیون اور خلیجی ممالک نے خیرمقدم کیاہے ‘واشنگٹن نے ایرانی بندرگاہوں کا محاصرہ ختم کردیا‘جمعرات کو سعودی عرب کے تین سپرٹینکرز سمیت متعددجہاز آبنائے ہرمز سے گزرگئے ‘ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کاکہنا ہے کہ ہرمز سے گزرنے کے اجازت نامے جلد از جلد جاری کیے جائیں گے‘ عبوری معاہدے پر عمل درآمد کے لیے ابتدائی نوعیت کے مذاکرات آج سے سوئٹزر لینڈ میں شروع ہوں گے تاہم اس حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے ‘تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی وفد کے سوئٹزرلینڈجانے کے بارے میں ابھی تک کچھ بھی حتمی طور پر طے نہیں ہوا ہے۔ ادھر معاہدے پر دستخط کے چند گھنٹے بعد ہی جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں میں تین افراد جاں بحق ہو گئےجس پر ایران نے سخت وارننگ جاری کی ہے ‘ صدر پزشکیان نے امن معاہدے کو تاریخی دستاویز قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ یہ ایک طاقتور ایران کا پیغام ہے‘ ہم نے اپنی عزت اور خودمختاری کا سودا نہیں کیا‘ امن باہمی احترام سےہی حاصل ہوگاجبکہ سپریم لیڈرمجتبیٰ خامنہ نے واضح کیاہے کہ امریکا کے ساتھ براہ راست مذاکرات کا مطلب دشمن کا مؤقف تسلیم کرنا نہیں  ہوگا‘معاہدے پر مختلف رائے مختلف تھی‘ تحفظات کے باوجودصدر کی یقین دہانی پر منظوری دیدی ‘ صدر ٹرمپ نے ایرانی میزائل پروگرام کا دفاع کرتے ہوئے معاہدے کے مخالفین کو بیوقوف قرار دیدیا اور کہا کہ یہ لوگ یاتو مجھ سے جلتے ہیں‘برے ہیں یا پھر بالکل احمق ہیں ‘ تہران کے پاس کچھ ہتھیار ہونے چاہئیں کیونکہ دوسرے لوگوں کے پاس بھی ہیں‘ میزائل اصل مسئلہ نہیں ہیں‘ وہ تھوڑا بہت نقصان پہنچاتے ہیں ‘لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ بندی کیلئے پرامید ہیں جبکہ امریکی نائب صدرجے ڈی وینس نے کہاہے کہ ٹرمپ کو مسئلہ سمجھنے والے اسرائیلی خواب غفلت سے جاگ جائیں ‘ اسرائیلی وزراءہوش میں آئیں‘ اسرائیل کو ہتھیاروں کیلئے رقم ہم دیتے ہیں ‘ٹرمپ واحد سربراہ مملکت ہیں جو اسرائیل سے ہمدردی رکھتے ہیں‘اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتن یاہوکے مطابق مہم ابھی ختم نہیں ہوئی اور آگے مزید چیلنجز باقی ہیں‘یورپی یونین نے واضح کیا ہے کہ ایران پر سے پابندیاں ہٹانے کے بارے میں بات کرنا ابھی قبل از وقت ہے۔

اہم خبریں سے مزید