• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کاٹن ایکسچینج بلڈنگ ملکیت تنازع، ایف آئی اےکا درج مقدمہ کالعدم

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کاٹن ایکسچینج کی تاریخی عمارت کی ملکیت کے تنازع سے متعلق کیس میں ایف آئی اےکی جانب سے درج مقدمہ کالعدم قرار دیدیا۔ عدالت نے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ اسلام آباد کو معاملے کی ازسرنو جانچ کرنے کا حکم بھی دے دیا۔ عدالت نے ہدایت دی ہے کہ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ اسلام آباد 90 روز میں تمام فریقین کے موقف کو سن کر فیصلہ کریں۔ عدالت نے حتمی فیصلے تک کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کو کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دیدی۔ عدالت نے کرائے کی رقم ناظر سندھ ہائی کورٹ کے پاس جمع کروانے کی ہدایت کردی۔ سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کاٹن ایکسچینج کی تاریخی عمارت کی ملکیت کے تنازع سے متعلق 10 مختلف درخواستوں کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ فیصلہ جسٹس نثار احمد بھنبھرو نے تحریر کیا ہے۔ کے ایم سی، کراچی کاٹن ایسوسی ایشن اور دیگر کی جانب سے درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔ درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ کراچی کاٹن ایکسچینج کی عمارت کو غیر قانونی طور پر متروکہ وقف املاک قرار دیکر جنوری 2026 میں سیل کردیا گیا تھا، کراچی کاٹن ایسوسی ایشن تجارتی ادارہ ہے جسکو متروکہ وقف املاک قرار نہیں دیا جاسکتا، متروکہ وقف املاک بورڈ کا متنازع 1963 کا جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بھی حتمی فیصلہ نہیں دیا گیا تھا۔
اہم خبریں سے مزید