اسلام آباد ( رانا غلام قادر ) وزیراعظم شہباز شریف کو گزشتہ روز اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی جو تیس منٹ سے زائد جاری رہی۔ اسلام آباد امن معاہدے پر دستخط کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلا رابطہ تھا۔وزیراعظم نے صدر پزشکیان، ایرانی قیادت اور برادر عوامِ ایران کو تاریخی امن معاہدے پر دستخط کی مبارکباد پیش کی،صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ایرانی قوم اور اپنی جانب سے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ یہ تاریخی معاہدہ نہ صرف خطے میں امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ ایرانی قوم کی تعمیرِ نو اور پاکستان و ایران کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بھی بنے گا۔