کراچی(اسٹاف رپورٹر)راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں راولپنڈی ٹائیگرز اوپن ٹرائلز میں ہزاروں نوجوان کرکٹرز نے شرکت کی۔ٹرائلز کا افتتاح وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے کیا۔20کھلاڑی میرٹ کی بنیاد پر منتخب ،تفصیلات کے مطابق ابتدائی مرحلے میں 10 ہزار سے زائد خواہشمند کرکٹرز کی جانچ پڑتال کے بعد سخت اور شفاف انتخابی عمل کے ذریعے تقریباً 140 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا۔ یہ کھلاڑی دوسرے مرحلے میں پہنچے جہاں کوچنگ پینل کی نگرانی میں ان کا مزید تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بعد ازاں اس تعداد کو کم کرتے ہوئے 35 نمایاں کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا، جبکہ تمام مراحل میں اپنی صلاحیتوں کا تسلسل کے ساتھ بہترین مظاہرہ کرنے والے 20 کھلاڑیوں کو خالصتاً میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر حتمی طور پر منتخب کیا گیا۔