کراچی (شکیل یامین کانگا) امریکا نے آسٹریلیا کو شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ فٹبال کی 96 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ دو مسلسل میچز جیتنے اور ناک آؤٹ مرحلے میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ برازیل، مراکش اور پیرا گوئے نے بھی اپنے اپنے میچز جیت لئے، مراکش نے برازیل کے خلاف پہلا میچ ڈرا کر کے ایونٹ میں تہلکہ مچا یا تھا، پیراگوئے نے تر کیہ کو ایک گول شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا، گول گلارزا نے اسکور کیا۔ ترکیہ اس ناکامی کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگیا۔یہ ان کی دوسری شکست ہے۔ اس سے پہلے وہ آسٹریلیا سے بھی ہار گئے تھے۔واشنگٹن میں گروپ ڈی کے میچ میں امریکا نے آسٹریلیا کو 0-2 سے شکست دی، امریکی ٹیم میچ میں چھائی رہی اور مسلسل آسٹریلیا کے گول پر حملے کیے۔ گیارہویں منٹ میں امریکی کھلاڑیوں کے گول پر حملے کے نتیجے میں آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون برجس نے گیند اپنے ہی جال میں ڈال کر امریکا کو برتری دلوا دی۔ پہلے ہاف کے آخری لمحات میں ایلکس فری مین نے گول کرکے ٹیم کی برتری 0-2 کردی۔ دوسرے ہاف میں کوئی گول نہ ہوسکا۔ امریکی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ اپنے گروپ میں سرفہرست ہو کراگلے مرحلے میں پہنچ گئی۔ فلاڈیلفیا میں گروپ سی کے اہم میچ میں برازیل نے ہیٹی کو 0-3 سے شکست دی۔ برازیل نے 23ویں منٹ میں میتھیوس کونہا کے گول سے برتری حاصل کی۔ کونہا نے 36ویں منٹ میں اپنا اور ٹیم کا دوسرا خوبصورت گول کیا۔ پہلے ہاف کے اضافی وقت میں وینیسیئس جونیئر نے گول کرکے برتری 0-3 کر دی۔ گروپ سی کے میچ میں مراکش نے اسکاٹ لینڈ کو 0-1 سے ہرا کر 3 قیمتی پوائنٹس حاصل کرکے مجموعی طور پر چار پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ ناکامی کے باوجود اسکاٹ لینڈ کا ایونٹ سے سفر ختم نہیں ہوا۔ بوسٹن میں کھیلے گئے میچ میں 71ویں سیکنڈ میں مراکش کے سائبری نے گیند حریف ٹیم کے جال میں ڈال کر ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلادی۔ مراکش کی ایک گول کی برتری پر میچ کا اختتام ہوا۔