ملتان (سٹاف رپورٹر)جامعہ زکریا سنڈیکیٹ کا ہنگامہ خیز اجلاس،لاکالج کےکیسزآئنی عدالت کے فیصلے سے مشروط، ڈاکٹر احسان قادر بھابھہ کو ڈسپلنری نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ، جامعہ زکریا کی سنڈیکیٹ کا ایک ہنگامہ خیز اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر اقبال غوری کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں انتظامی، قانونی اور تعلیمی امور سے متعلق متعدد اہم فیصلے کیے گئے‘ ذرائع کے مطابق سنڈیکیٹ کا اجلاس جاری تھا کہ ہراسمنٹ کیس کے سلسلے میں معطل پروفیسر ڈاکٹر احسان قادر بھابھہ مبینہ طور پر سکیورٹی عملے کو دھکا دے کر اجلاس کے اندر داخل ہوگئے اور اپنا مقدمہ فوری طور پر سننے پر زور دیا ذرائع کا کہنا ہے کہ وائس چانسلر نے انہیں فورم سے باہر جانے کی ہدایت کی، تاہم صورتحال پر سنڈیکیٹ کے بعض ارکان نے شدید تحفظات کا اظہارکیا،سنڈیکیٹ کے تمام ارکان نے متفقہ طور پر اس رویے کی مذمت کرتے ہوئے ڈاکٹر احسان قادر بھابھہ کو ڈسپلنری نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا، اجلاس میں 13 پروفیسرز کی ترقی کے مقدمات بھی زیر غور آئے۔ عدالت عالیہ کے احکامات کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا کہ ان تمام کیسز کو حتمی منظوری اور فیصلے کیلئے چانسلر و گورنر پنجاب کو ارسال کیا جائے گا ، لاء کالجز اور قانون کے طلبہ سے متعلق مختلف اپیلوں پر غور کرتے ہوئے قرار دیا کہ ان معاملات کا فیصلہ آئینی عدالت کے زیر سماعت مقدمات اور آئینی بینچ کے فیصلے سے مشروط ہوگا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کنٹرولر مظفر شاہ کی اپیل پر بھی غور کیا گیا۔ گورنر پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ان کی سابقہ سزا میں تخفیف کرتے ہوئے جبری ریٹائرمنٹ کی سزا کو تبدیل کر کے ملازمت سے برطرفی میں تبدیل کرنے کی منظوری دی گئی ۔