کوئٹہ( جنگ نیوز) بلوچستان اسمبلی نے آئندہ مالی سال 2026،27 کے ایک ہزار 79 ارب روپے حجم کے صوبائی بجٹ کی کثرتِ رائے سے منظوری دے دی۔بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اپنی قیادت، اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اتحادی جماعتوں نے مشکل حالات میں حکومت کا ساتھ دیا جبکہ اپوزیشن کی تنقید کو حکومت نے مثبت رہنمائی کے طور پر لیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نئے مالی سال کے بجٹ کے خدوخال پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ریاست توڑنے کی شرط پر دہشت گردوں سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔ دریں اثنا بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں نئے مالی سال کے بجٹ کی منظوری کے لیے مجموعی طور پر 98 مطالباتِ زر مرحلہ وار ایوان میں پیش کیے ۔