کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی اجلاس میں پی پی اور ایم کیو ایم ارکان میں نوک جھونک، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی پی ارکان نے کہا کہ ہمیں ماضی کا دہشت زدہ نہیں روشن کراچی چاہیے سندھ کے لئے جو بھی ترقی ہوئی ہے وہ پی پی کے دور میں ہوئی ہے مگر اپوزیشن تعریف نہیں کرتی ایم کیو ایم ارکان کا کہنا تھا کہ سندھ میں شہنشاہیت چل رہی ہے سندھ اسمبلی کا اجلاس اتوار کو پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی نعیم کھرل کی وفات کے باعث مختصر کارروائی کے بعد پیر کی صبح تک ملتوی کردیا گیا ایوان میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر عام بحث کا آج تیسرا دن تھا جس میں محض سات ارکان نے حصہ لیا سندھ اسمبلی کا اجلاس اتوار کو پینل آف چئیرمین کی ریحانہ لغاری کی زیر صدارت شروع ہوا بجٹ پر عام بحث میں حصہ لیتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رکن ممتاز چانڈیو نے کہا کہ سندھ کے لئے جو بھی ترقی ہوئی ہے وہ پی پی کے دور میں ہوئی ہے مگر اپوزیشن تعریف نہیں کرتی ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سندھ کا دل اور صوبے کا تاج ہے ۔ پورے ملک سے لوگ سندھ کے اسپتالوں میں آتے ہیں ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں نوشہرو فیروز کو اسی سال این آئی سی وی ڈی کو سہولت دینے اورنوشہرو فیروز کیمپس کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا بھی مطالبہ کیا ۔ پیپلز پارٹی کے قاسم سراج سومرو نے کہا کہ سندھ میں سوشل سیکیورٹی اور سوشل پروٹیکشن پر توجہ دی جا رہی ہے ۔ تھر پار پسماندہ علاقہ ہے مگر تھر کول کی وجہ سے وہاں ترقی کا دور شروع ہوا ہے ۔