اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) علاقائی کشیدگی: پاکستان کو آج ایل این جی کا ساتواں کارگو موصول ہو گا؛ طویل مدتی معاہدے کے تحت 1 لاکھ 70 ہزار کیوبک میٹر سے زائد ایل این جی کی آمد، کل پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوگا۔ تفصیلات کے مطابقعلاقائی کشیدگی اور ایران-اسرائیل تنازع کے بعد گیس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی حکومتی کوششوں کے سلسلے میں پاکستان پیر (آج) مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کا اپنا ساتواں کارگو موصول کرنے کے لیے تیار ہے۔ ایل این جی بردار جہاز ’’مریخ‘‘ قطر کے علاقے راس لَفّان سے 170148 کیوبک میٹر ایل این جی لے کر پیر کے روز پورٹ قاسم پہنچنے کے لیے شیڈول ہے، جو برینٹ خام تیل کی قیمت کے 13.37 فیصد پر طے پانے والے ایک طویل مدتی معاہدے کے تحت آرہی ہے۔ شپنگ کی تفصیلات کے مطابق، یہ بحری جہاز قطر کے علاقے راس لَفّان سے روانہ ہوا تھا اور توقع ہے کہ یہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 6 بجے پورٹ قاسم کے بیرونی لنگر انداز (آؤٹر اینکریج) پر پہنچ جائے گا۔