کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ عوام پر ظلم و استحصال اور جبر کا نظام مسلط کرنے میں تمام حکمران پارٹیاں شامل ہیں،ان پارٹیوں کا عام لوگوں سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ جاگیرداروں، وڈیروں، آٹا مافیا، چینی مافیا کا گٹھ جوڑ ہیں ۔ حکمرانوں کو عوام کی تکالیف ، مسائل اور مشکلات سے کوئی سرو کار نہیں ، عوام 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ، سڑکیں نہ ہونے اور ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کا شکار ہیں۔ سندھ میں پیپلز پارٹی کی 18 سال سے حکومت ہے۔ کراچی کے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نورا کشتی میں لگے ہوئے ہیں۔ قومی و بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا۔ جماعت اسلامی کے جیتے ہوئے ٹاؤنز و یوسیز پر قبضہ کیا گیا۔ قومی انتخابات میں ایم کیو ایم نے ایک یوسی تک نہیں جیتی اسے 17 قومی اسمبلی کی نشستیں دے دی گئیں۔ قوم حق و انصاف کی بالادستی اور اپنے جائز و قانونی حقوق کے حصول کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے ، ممبر بنیں اور قوت بنیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اسپتال چورنگی ضلع ملیر اور مشرف کالونی ضلع کیماڑی میں جماعت اسلامی کے تحت جاری ملک گیر ممبر شپ مہم کے سلسلے میں لگائے گئے کیمپ کے دورے کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ممبر شپ ڈرائیو کیمپ سے قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ، سید مفخر علی، حافظ عبدالطیف عباسی،یوسی چیئر مینز ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری کراچی یونس بارائی، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری،سابق امیر ضلع ملیر محمد اسلام ودیگر بھی موجود تھے ۔مشرف کالونی میں امیر ضلع کیماڑی مولانا فضل احد و دیگر نے بھی خطاب کیا ،حافظ نعیم الرحمن کی آمد پر ان کا پُر جوش نعروں سے شاندار استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔