کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو جمہوریت، عوامی حقوق، وفاقِ پاکستان اور خواتین کی سیاسی قیادت کی روشن علامت تھیں۔ انہوں نے سندھ اسمبلی میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 73ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک قرارداد پیش کی، جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا قرارداد میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو پاکستان کی سابق وزیراعظم، ’’دخترِ مشرق‘‘ اور مسلم دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم قرار دیتے ہوئے ان کی جمہوریت، عوامی خدمت، آئینی بالادستی، سماجی انصاف، وفاقی ہم آہنگی، خواتین کے حقوق اور محروم طبقات کی فلاح کے لئے خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ21جون 1953ء کو جنم لینے والی شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی پوری زندگی عوامی خدمت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے وقف کر دی۔