• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایرانی وزیر داخلہ کی اہم ملاقات

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایران کے وزیر داخلہ ڈاکٹر اسکندر مومنی نے اہم ملاقات کی جس میں باہمی تعلقات، امن معاہدے کے بعد خطے کی تازہ ترین صورتحال اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی جبکہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

چینی وزیر خارجہ نےکامیاب ثالثی پر اسحاق ڈار اور پاکستانی قیادت کو مبارک باد دی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں‘ فعال ثالثی اور مسلسل رابطوں کو سراہا۔

علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈارنے کہا ہے کہ دنیا پاکستان کو اب ذمہ دار ثالث اور پیس میکر کے طور پر دیکھ رہی ہے۔

ادھر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے بدھ کے روز ٹیلیفون کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ ایران امریکا مذاکرات کے عمل کو نقصان پہنچانے والی کوششوں سے محفوظ رکھنا ضروری ہے جبکہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی امن کوششوں کا مقصد خطے میں امن و استحکام کا فروغ ہے جس میں سعودی عرب سمیت برادر ممالک کی حمایت نہایت اہم رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے صوبے تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز آل سعود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو وزیراعظم کو فون کیا۔

اہم خبریں سے مزید