• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات تھم نہ سکے، 69 افراد مارے گئے

کراچی( ثاقب صغیر )سندھ میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات نہ تھم سکے، رواں برس صوبے میں کاروکاری قرار دے کر 69 افراد کو قتل کر دیا گیا، قتل ہونے والوں میں 57 خواتین شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سندھ بھر میں سال 2026 کے پہلے پانچ ماہ کے دوران کاروکاری کے 66 کیسز میں 69 افراد کو قتل کر دیا گیا۔

قتل ہونے والوں میں 57خواتین اور 12مرد شامل ہیں۔

کاروکاری قرار دے کر قتل کرنے والے ملزمان میں 22 مقتولین کے شوہر، 5 والد ، 14 بھائی، 20 دیگر رشتہ دار اور 9 پڑوسی ، دوست اور دیگر ملزمان شامل ہیں۔

کاروکاری قرار دے کر قتل کرنے کے واقعات میں مختلف اقسام کے ہتھیار استعمال کیے گئے جن میں 3 کلاشنکوف/ اسٹین گن ، 8 شارٹ گن، 22 ریوالور /پستول ، چھری /خنجر اور دیگر اقسام کے ہتھیار شامل ہیں۔

کاروکاری کے سب سے زیادہ واقعات سکھر رینج میں رپورٹ ہوئے جن کی تعداد 25 ہے۔ لاڑکانہ رینج میں 24، کراچی رینج میں 3 ، حیدرآباد رینج میں 4، میرپور خاص رینج میں 4 جبکہ شہید بے نظیر آباد رینج میں کاروکاری کے 7 واقعات رپورٹ ہوئے۔

واضح رہے کہ سال 2025 میں اس مدت تک سندھ بھر میں کاروکاری کے 78 کیسز میں 68 خواتین سمیت 95 افراد کو قتل کیا گیا تھا۔

اہم خبریں سے مزید