کراچی ( محمد ندیم/اسٹاف رپورٹر) اینٹی کرپشن حکام نے یلو لائن بی آر ٹی منصوبے میں ساڑھے 8 ارب روپے کی کرپشن سے متعلق کیس میں ملزم سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی کی بے نامی جائیدادوں اور بینک اکاؤنٹس کی بھی تحقیقات شروع کردی۔
اینٹی کرپشن نے تحقیقاتی پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کرادی ہے۔
تفتیشی افسر محمد شیر زمان کی جانب سے رپورٹ جمع کروائی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یلو لائن بی آر ٹی کے تین اہم تعمیراتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، منصوبوں میں نیو جام صادق پل، داؤد چورنگی پر ڈپو ون اور انڈس اسپتال کے پاس ڈپو ٹو کی تعمیر شامل ہے، ملزم ضمیر عباسی کے پاس چھپائے گئے اثاثوں، بینک اکاؤنٹس اور جائیدادوں کے شواہد موجود ہونے کا امکان ہے، ملی بھگت سے منصوبوں میں مالی نظم و ضبط کو بری طرح نظر انداز کیا گیا۔