• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اردو یونیورسٹی کے اساتذہ کی ڈپٹی چیئر سے ملاقات، سنگین حالات سے آگاہ کیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی کی انجمن اساتذہ (عبدالحق کیمپس اور گلشن اقبال کیمپس) کے نمایندہ وفد نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ قاضی عبدالمقتدر سے ملاقات کی، جس میں یونیورسٹی کو درپیش شدید مالی و انتظامی بحران اور اساتذہ کے دیرینہ مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اساتذہ رہنماؤں نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو ان سنگین حالات سے آگاہ کیا جن کے باعث اساتذہ امتحانات کے بائیکاٹ جیسا سخت قدم اٹھانے پر مجبور ہوئے۔ وفد نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی، ہاؤس سیلنگ، پینشن، واجب الادا بقایاجات اور وائس چانسلر کے نامناسب و غیر علمی رویے، خواتین اساتذہ کو ہراساں کرنا، تنخواؤں میں غیر قانونی کٹوتی، اساتذہ و ملازمین کی جبری برطرفیوں، پسند ناپسند کی بنیاد پر جانبدارانہ اور امتیاز پر مبنی نئی آسامیوں کے اشتہار کے خلاف اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی چئیر سینیٹ نے اساتذہ کے مسائل کو انتہائی غور سے سنا اور ان کے ممکنہ حل کے لیے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ یونیورسٹی کے مالی اور انتظامی مسائل کے پائیدار حل کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں یونیورسٹیوں کو اپنے وسائل بڑھانے کی اشد ضرورت ہے، جس کے لیے تحقیق اور انڈسٹریل ریلیشنز (صنعتی روابط) کو فروغ دینا ہوگا۔
اہم خبریں سے مزید