ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں اور آر پی او ملتان عثمان گوندل نے 9 محرم الحرام کے موقع پر ممتاز آباد کے مرکزی ماتمی جلوس کا دورہ کرکے سکیورٹی اور انتظامی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان نعمان صدیق، سی پی او ملتان صادق ڈوگر سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ بعدازاں کمشنر اور آر پی او نے سیف سٹی آفس میں قائم محرم کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں انہیں محرم الحرام کے سکیورٹی پلان، مانیٹرنگ سسٹم اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات پر بریفنگ دی گئی،اس موقع پر کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ملتان ڈویژن بھر میں 9 محرم الحرام کے تمام جلوس اور مجالس پرامن ماحول میں منعقد ہو رہے ہیں اور انتظامیہ، پولیس سمیت تمام سکیورٹی ادارے مکمل الرٹ ہیں،انہوں نے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ سکیورٹی صورتحال پر مسلسل کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ ماتمی جلوسوں کے منتظمین، امن کمیٹیوں اور علماء کرام سے مسلسل رابطہ برقرار رکھا گیا ہے تاکہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے،کمشنر نے بتایا کہ ملتان ڈویژن میں 9 محرم الحرام کے موقع پر مجموعی طور پر 344 مجالس اور 155 ماتمی جلوس برآمد ہو رہے ہیں، جن میں اے کیٹگری کی 47 مجالس اور 16 جلوس شامل ہیں۔