ملتان (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں عاشورہ محرم کے انتظامات کے سلسلے میں واسا ملتان میں ہائی الرٹ اور ایمرجنسی نافذ ہے۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب واسا طیب فرید کی ہدایات پر 9 اور 10 محرم الحرام کے موقع پر واسا کے تمام سیوریج، واٹر سپلائی اور ڈسپوزل اسٹیشنز ڈویژنوں کے افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ تمام دفاتر معمول کے مطابق کھلے ہوئے ہیں۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا ملتان فیصل شوکت نے محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی حدود میں جلوس روٹس، امام بارگاہوں اور دیگر حساس مقامات پر فراہمی و نکاسی آب کی خدمات کو بلا تعطل برقرار رکھیں، فیلڈ ٹیموں اور مشینری کو مکمل طور پر متحرک رکھیں اور ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔ایم ڈی واسا نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران ڈپٹی کمشنر آفس کنٹرول روم اور واسا کمپلینٹ سیل سے موصول ہونے والی تمام شکایات پر فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر قائم مون سون ایمرجنسی کیمپس میں بھی عملہ اور مشینری مکمل طور پر الرٹ اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رکھی گئی ہےانہوں نے شہریوں کو آگاہ کیا کہ 9 اور 10 محرم الحرام کے دوران واسا کا مرکزی کمپلینٹ سیل چوبیس گھنٹے فعال رہے گا جبکہ واسا ہیڈ آفس میں خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔