ملتان (سٹاف رپورٹر) وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتر ہسپتال ڈاکٹر راؤ امجد علی خان کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے نشتر ہسپتال میں تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر زاہد کے مطابق شعبہ حادثات کی دوسری منزل پر تقریباً 30 بستروں پر مشتمل خصوصی وارڈ تیار کر کے مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے تاکہ مریضوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ایم ایس ڈاکٹر راؤ امجد علی خان کا کہنا ہے کہ تمام ضروری ادویات کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔ مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے اضافی ڈاکٹرز، نرسنگ سٹاف اور پیرامیڈیکل عملہ بھی ڈیوٹی پر تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ محرم کے ایام میں کسی بھی مریض و عزادار کو علاج معالجے میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔