کراچی(سید محمد عسکری)ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ملک بھر کی جامعات اور ڈگری ایوارڈنگ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے تمام بزنس اور مینجمنٹ ڈگری پروگرامز کی نیشنل بزنس ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل (NBEAC) سے ایکریڈیٹیشن حاصل کریں، بصورت دیگر متعلقہ پروگراموں کے خلاف ضابطہ جاتی کارروائی کی جا سکتی ہے، جس میں داخلوں کی بندش بھی شامل ہے۔ایچ ای سی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی جانب سے 24 جون 2026ء کو وائس چانسلرز، ریکٹرز، صدور اور سربراہانِ ادارہ کے نام جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اعلیٰ تعلیم میں معیار، مطابقت اور بین الاقوامی مسابقت کو فروغ دینے کے لیے کوالٹی اشورنس کو بنیادی اہمیت دیتا ہے۔مراسلے کے مطابق نیشنل بزنس ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل (NBEAC)، جو ایچ ای سی کے تحت قائم کی گئی ہے، پاکستان میں بزنس اور مینجمنٹ تعلیم کے پروگراموں کی قومی سطح پر ایکریڈیٹیشن کی ذمہ دار تنظیم ہے۔ کونسل کا ایکریڈیٹیشن فریم ورک تعلیمی معیار میں مسلسل بہتری کے لیے ایک جامع نظام فراہم کرتا ہے جس میں ادارہ جاتی گورننس، نصاب، فیکلٹی کی اہلیت، طلبہ معاونت، تحقیق، جدت طرازی، صنعتی روابط اور ادارہ جاتی کارکردگی سمیت متعدد پہلوؤں کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ایچ ای سی نے مراسلے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعدد جامعات اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے بزنس پروگرامز تاحال این بی ای اے سی کی ایکریڈیٹیشن حاصل نہیں کر سکے ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر تمام جامعات اور ڈگری ایوارڈنگ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے بزنس اسکولز، فیکلٹیز، انسٹی ٹیوٹس اور شعبہ جات کے لیے فال 2027ء تک این بی ای اے سی کی ایکریڈیٹیشن یقینی بنائیں اور مقررہ کم از کم معیارات پر مکمل عمل درآمد کا ثبوت فراہم کریں۔مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ جو ادارے مقررہ مدت کے اندر مطلوبہ معیار اور ضوابط پورے کرنے میں ناکام رہیں گے، ان کے خلاف ایچ ای سی کی پالیسیوں اور قانونی فریم ورک کے تحت کارروائی کی جائے گی۔