کوئٹہ(خ ن) حقِ معلومات کے مؤثر نفاذ اور شفاف حکمرانی کے فروغ میں نوجوانوں کے کردار پر زورایڈ بلوچستان کے زیر اہتمام اور قومی ادارۂ جمہوریت (این ای ڈی) کے تعاون سے ایک سالہ منصوبے ’’حقِ معلومات کے تناظر میں بلوچستان میں نظامِ حکمرانی کو مضبوط بنانے کے لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانا‘‘ کی اختتامی تقریب کوئٹہ میں منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی رکن صوبائی اسمبلی بلوچستان اور قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے چیئرمین رحمت صالح بلوچ تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر اسحاق بلوچ، ڈاکٹر ناشناس لہڑی، انفارمیشن کمشنر بلوچستان عبدالشکور، ڈاکٹر فرخندہ اورنگزیب، اسفندیار باڈینی، ایڈ بلوچستان کے انتظامی سربراہ عادل جہانگیر اور میر بہرام لہڑی سمیت سول سوسائٹی، ذرائع ابلاغ اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مقررین نے اپنے خطاب میں حقِ معلومات کو شفافیت، جوابدہی اور عوامی شمولیت کے فروغ کے لیے ایک مؤثر ذریعہ قرار دیا۔ رحمت صالح بلوچ نے بلوچستان انفارمیشن کمیشن کو مزید فعال اور خودمختار بنانے کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ دیگر مقررین نے نوجوانوں کی جانب سے ایک سال کے دوران آگاہی اور وکالت کی سرگرمیوں کو سراہا۔تقریب کے دوران نوجوان عوامی احتساب فورم کے اراکین نے اپنی سرگرمیوں اور تجربات کا اشتراک کیا۔