کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ٹریفک حادثات میں بچے سمیت 3 افراد جاں بحق ، 2 زخمی ہوگئے ، خاتون سمیت 3افراد کی لاشیں ملیں، تفصیلات کے مطابق نشتر روڈ بھیم پورہ کے قریب مبینہ طور پر تیز رفتار موٹرسائیکل سوار 35 سالہ محمد سمیر ولد شکورسڑک کے کنارے کھڑے منی ٹرک سے ٹکرا کر جاں بحق ہوگیا ،کورنگی بلال کالونی مرتضیٰ چوک کے قریب ٹرک کی زد میں آکر 10سالہ صدیق حسین ولد صدام بچہ جاں بحق ہوگیا ، عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ ڈرائیور ٹرک کو ریورس کررہا تھا کہ بچے ٹرک کے پیچھے لٹکنے کی کوشش کررہے تھے بچہ اچانک نیچے گر گیا اور پچھلے ٹائروں کے پیچھے آگیا،نارتھ کراچی سلیم سینٹر کے قریب ٹریفک حادثہ میں 2 7سالہ حمزہ جاں بحق ہوگیا، ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ ڈمپر کی ٹکر کے باعث پیش آیا ،پولیس نے بتایا کہ سڑک پر آئل گرا ہوا تھا جس کے باعث اس کی موٹر سائیکل سلپ ہوگئی ، حمزہ کے سر پر چوٹ لگی جو جان لیواثابت ہوئی، دریں اثنا ملیر 15بادل گوٹھ گلشن محمد سوسائٹی کے قریب گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 50سالہ بشیر احمد ولد غلام محمد جاں بحق ہوگیا ،ڈیفنس فیز فائیو شہباز سگنل کے قریب کار اور رکشا میں تصادم میں مسافر اور رکشا ڈرائیور زخمی ہوگئے ، علاوہ ازیں پورٹ قاسم چورنگی کے قریب 50 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی، پولیس کے مطابق متوفی نشے کا عادی تھا ، سرجانی ٹاؤن میں عمارت کے فلیٹ سے 5سے7روز پرانی لاش ملی ، وجہ موت اور شناخت سامنے نہیں آسکی ، عمر 55سال کے قریب ہے، زمان ٹاؤن کے علاقے میں گھر سے 26 سالہ نرمین زوجہ ثاقب کی پھندا لگی لاش ملی ، پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں واقعہ خودکشی کا معلوم ہواہے ۔