لاہور(اپنے نامہ نگار سے) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی میں ذرائع آمدورفت کا کردار اہم ہے۔ ذرائع آمدورفت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے موثر اور ٹھوس اقدات کی ضرورت ہے۔عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے پاکستان ریلوے اکیڈمی کے پروبیشنری آفیسرز کے وفدسے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ڈائریکٹر جنرل پاکستان ریلوے اکیڈمی والٹن محمد حنیف گل کی قیادت میں گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔ ڈی جی ریلوے اکیڈمی محمد حنیف گل نے گورنر پنجاب کو دورے کے مقاصد سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب کو پاکستان ریلوے کی بہتری کے لیے جاری اہم منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ذرائع آمدورفت کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کا زینہ ہوتے ہیں۔