• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرعی ترقیاتی بینک 80 ارب کے قرضے وصول کرنے میں ناکام: آڈیٹر جنرل

اسلام آباد (مہتاب حیدر) آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے انکشاف کیا ہے کہ زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ 80.6ارب روپے کے نان پرفارمنگ لونز اور رائٹ آف قرضے وصول کرنے میں ناکام رہا ہے۔ یہ صورتحال بینک کی جانب سے قرضوں کی جانچ پڑتال کے ناقص نظام، کمزور کریڈٹ کنٹرول اور وصولی کے غیر مؤثر طریقہ کار کی عکاسی کرتی ہے۔ 80.6 ارب روپے کی اس کل عدم وصولی میں سے 26.98 ارب روپے نان پرفارمنگ لونز کی مد میں ہیں، جبکہ 53.08 ارب روپے چارجڈ آف قرضوں کی شکل میں موجود ہیں۔ یہاں یہ ذکر کرنا ضروری ہے کہ چارجڈ آف لون وہ واجب الادا رقم ہوتی ہے جسے قرض دینے والا ادارہ نقصان کے طور پر اپنے کھاتے سے خارج کر دیتا ہے، کیونکہ قرض دار طویل عرصے تک (عام طور پر 180 دن) اقساط جمع کرانے میں ناکام رہا ہو۔ بینک اگرچہ اس قرض کو اپنی اکاؤنٹ بکس سے ہٹا دیتا ہے، لیکن قرض دار قانونی طور پر اب بھی اس رقم کی ادائیگی کا پابند ہوتا ہے۔

ملک بھر سے سے مزید