• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کامسٹیک میں اقبال چوہدری کی بے ضابطگیاں، ڈاکٹر عاصم کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم

کراچی(سید محمد عسکری) صدر پاکستان کی ہدایت پر اسلامی تعاون تنظیم کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون( کامسٹیک) میں مبینہ انتظامی اور مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے ڈاکٹر عاصم حسین کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے جاری کیے گئے آفس آرڈر کے مطابق ایوان صدر اسلام آباد کے نوٹیفکیشن نمبر 558 (I) / S&T/COMSTECH /D(E /2024 مورخہ 24 جون 2026ء کی روشنی میں یہ کمیٹی موجودہ کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک محمد اقبال چوہدری سے منسوب مبینہ انتظامی اور مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کرے گی۔ سرکاری حکم نامے کے مطابق ڈاکٹر عاصم حسین کو انکوائری کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے سیکریٹری کمیٹی کے رکن ہوں گے جب کہ پاکستان کونسل برائے سائنسی و صنعتی تحقیق (PCSIR) کے چیئرمین ڈاکٹر سید حسین عابدی اور وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے چیف فنانس اینڈ اکاؤنٹس آفیسر (CF&AO) محمد سعید اللہ یوسف زئی بطور رکن شامل ہوں گے۔ حکم نامہ کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی اپنی تفصیلی رپورٹ اور سفارشات صدرِ پاکستان، جو کامسٹیک کے چیئرمین بھی ہیں، کو منظوری اور آئندہ کارروائی کے لیے پیش کرے گی۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ کمیٹی کو سیکریٹریل معاونت وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے IL Wing کی جانب سے فراہم کی جائے گی، جبکہ یہ حکم نامہ انکوائری کمیٹی کے کنوینر کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید