کراچی( نصر اقبال/اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ٹیم کیلئے غیر ملکی کوچنگ اسٹاف اور ماہرین کی خدمات حاصل کرلی ہیں ۔ وہ جلد ذمے داریاں سنبھال لیں گے۔ اس فیصلے پر سابق کھلاڑیوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے ، جبکہ بعض کا کہنا ہے کہ زوال کے باوجود ملکی کوچز نے ٹیم کو سلور میڈل جتوایا ہے۔ پی ایچ ایف نے ہالینڈ کے ہرمن کروئس کو نیشنل ہاکی کوچنگ ایڈوائزر، ڈیوڈ ڈوائر کو فٹنس اور ہائی پرفارمنس کو چ، عدنان ذاکر جونیئر ٹیلنٹ آئیڈنٹی فکیشن کوچ، باب جوہان ویلڈہوف گول کیپنگ کوچ اور کرس بوون کو اسپورٹس سائیکالوجسٹ مقرر کیا ہے۔ یہ سب قومی ہاکی ٹیموں بشمول سینئر، جونیئر، انڈر-18 اور یوتھ ٹیموں کے ساتھ ساتھ نیشنل ویمنز ہاکی پروگرام کے لیے بھی کام کرینگے۔ بین الاقوامی ماہرین پاکستانی کوچز کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ پی ایچ ایف کے عبوری صدر محی الدین احمد وانی نے کہا کہ یہ تعیناتیاں پاکستان ہاکی کے ایک نئے دور کا آغاز ہیں۔