• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خامنہ ای کا جنازہ، ایرانی یکجہتی، تین بیٹے شریک، مجتبیٰ خامنہ ای سامنے نہ آئے، تہران میٹرو سے 70 لاکھ افراد کا ریکارڈ سفر

تہران /دبئی (اے ایف پی /نیوزڈیسک ) ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای شہید کی نمازجنازہ تہران کے بڑے مذہبی اور ثقافتی مرکز امام خمینی مصلیٰ میں ادا‘نماز جنازہ آیت اللہ جعفر سبحانی نے پڑھائی‘ پاسداران انقلاب کے نئے کمانڈر احمد وحیدی ‘قدس فورس کے سربراہ اسماعیل قانی ‘صدرپزشکیان‘اسپیکر محمد باقرقالیباف ودیگر نے شرکت کی جبکہ پہلے دن کی تقریبات میں حزب اللہ اور حماس کےسینئر رہنمابھی آئے تھے ‘خامنہ ای کے تینوں میثم‘ مسعود اور مصطفیٰ خامنہ ای اپنے والد کی نماز جنازہ کی پہلی صف میں موجود تھے تاہم چوتھے بھائی اور ایران کے موجودہ رہبراعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای غیر حاضر تھے‘اس موقع پر تہران میں عوام کا سمندرامڈآیااورایرانی قوم نے دنیاکے سامنے اپنی یکجہتی کا واضح مظاہرہ کیا‘ہفتے کی رات سے اتوار کی صبح تک تہران میٹروکے ذریعے ریکارڈ 70لاکھ افرادنے سفرکیا‘ نماز جنازہ کے بعد تقریب کے منتظمین نے علی خامنہ ای کے خون کا بدلہ لینے اور انتقام کے نعرے لگوائے جبکہ ایرانی فوج کے سربراہ میجرجنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ خامنہ ای کے قتل کے ذمہ داروں کا تعاقب کیا جائے گا اور وہ احتساب سے بچ نہیں سکیں گے۔چین میں ایران کے سفیر عبدالرضا رحمانی فضلی کا کہنا ہے کہ تہران آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں سے سروس فیس وصول کرے گا‘ جو ممالک مشکل دنوں میں ایران کے ساتھ کھڑے رہے ہیں ان کے ساتھ خصوصی سلوک کیا جائے گا۔ادھر ایران اور قطر کے درمیان بحری تجارت تقریباً پانچ ماہ کے تعطل کے بعد دوبارہ شروع ہو گئی ہےجبکہ چار ماہ کے تعطل کے بعد ایران کے بندر عباس ہوائی اڈےسے پروازوں کا دوبارہ آغاز ہوگیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب نے ہرمز میں عمان کے راستے سے 6 بحری جہازوں کا رخ موڑ دیا‘ادھر اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہونے واضح کیاہے کہ ٹرمپ نے اسرائیل کو لبنان میں سرنگوں کو نشانہ بنانے سے نہیں روکا‘ یہ من گھڑت اور جھوٹی خبر ہے‘انہوں نے مجھ سے اس بارے میں کچھ نہیں کہا اور نہ ہی میں نے ان سے پوچھا‘حماس کے ہتھیار ڈالنے تک غزہ کی تعمیرنونہیں ہوگی ۔ صیہونی افواج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی جاری رکھتے ہوئے اتوارکو پھر جنوبی لبنان میں مختلف علاقوں کو نشانہ بنایاہے جبکہ اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایال زامیر نےایک بار پھر اس امرکا اظہار کیاہے کہ اسرائیل جنوبی لبنان میں حزب اللہ کیخلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا۔تفصیلات کےمطابق تہران کے بڑے مذہبی اور ثقافتی مرکز ’امام خمینی مصلیٰ‘ میں علی خامنہ ای اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کی نماز جنازہ آیت اللہ جعفر سبحانی نے پڑھائی۔ارنا کے مطابق نماز جنازہ تین مراحل میں ادا کی گئی۔ پہلے مرحلے میں سابق رہبراعلیٰ علی خامنہ ای‘دوسرے مرحلے میں ان کی بیٹی بشریٰ خامنہ ای‘ داماد مصباح الہدیٰ باقری اور بہو زہرا حداد عادل کی نماز جنازہ اد کی گئی۔ تیسرے مرحلے میں علی خامنہ ای کی کم سن نواسی زہرا محمدی کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔میت کوآج قم شہر جبکہ بدھ کوعراق لے جایا جائے گا جہاں نجف اور کربلا کے مقدس مزارات والے شہروں میں تقریبات ہوں گی۔ جمعرات کو میت ایران واپس لائی جائے گی جہاں مشہد میں ایک اور جلوس نکالا جائے گاجس کے بعد تدفین عمل میں لائی جائے گی‘ ادھرصدرٹرمپ نے امریکا کے 250ویں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ امریکی فوج اتنی طاقتور کبھی نہیں رہی جتنی آج ہے۔ہم نے ایران کی عسکری قوت کو تباہ کر دیا ہے۔یہ امریکا کے لیے ایک سنہری دور کا محض آغاز ہے۔

اہم خبریں سے مزید