اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ نئے رجحانات دنیا کی معاشی سمت متعین کر رہے ہیں، عالمی معیشت تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے،پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا وقت اگیا ہے انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو توانائی معدنیات انفارمیشن ٹیکنالوجی زراعت و سیاحت اور دفاعی صنعت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مل کر خطے کی اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں استنبول میں منعقدہ پاکستان ترکیہ بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات ہمیشہ باہمی اعتماد احترام اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت پر مبنی رہے ہیں دونوں ممالک نے علاقائی امن و سلامتی اور انسانی امداد سمیت مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس سیاسی اعتماد کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے۔