کوئٹہ( خ ن) ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی حبیب اللہ خان نے کہا ہے کہ سیویج کے پانی سے کاشت کی جانے والی سبزیوں کا مکمل خاتمہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا مشن ہےانہوں نے واضح کیا کہ بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اس حوالے سے جاری آپریشن میں رکاوٹ ڈالنے یا قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے زمینداروں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گےدریں اثناء بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی آپریشن ٹیموں نے پولیس کے تعاون سے کوئٹہ کے سی پیک روڈ پر بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 36 ایکڑ رقبے پر سیوریج کے آلودہ پانی سے کاشت کی گئی گوبھی، پودینہ، دھنیا، چقندر اور سلاد کی فصلوں کو تلف کر دیا کارروائی کے دوران ان کھیتوں کو فراہم کیے جانے والے آلودہ پانی کے ذرائع بھی منقطع کر دیے گئے تاکہ مستقبل میں دوبارہ ایسی غیر قانونی کاشت نہ کی جا سکےڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق خصوصی آپریشن عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جاری مہم کا حصہ ہے انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اگر ایسی فصلوں کے بارے میں اطلاعات ہوں تو بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو آگاہ کریں۔