کراچی (اسٹاف رپورٹر) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے صنعت اور جامعات کے مابین تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک اور اہم پیشرفت کرتے ہوئے ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان (TAAP) کو مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ’’اے آئی پاورڈ ٹرپ پلانر‘‘ پیش کردیا، جسے ٹریول انڈسٹری کے نمائندوں نے بے حد سراہتے ہوئے مستقبل میں مشترکہ تعاون پر اتفاق کیا۔ ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد میں محمد حنیف رنچ، وائس چیئرمین (ساؤتھ زون)، محمد نوید ضمیر، ایگزیکٹو کمیٹی ممبر، عرفان احمد، ایگزیکٹو کمیٹی ممبر اور امان اللہ سلیمان، سیکریٹری جنرل شامل تھے، جنہوں نے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین (ستارہ امتیاز، تمغہ امتیاز) سے یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین (ستارہ امتیاز، تمغہ امتیاز) نے وفد کو داؤد یونیورسٹی کی گزشتہ چند برسوں میں ہونے والی نمایاں ترقی، تعلیمی معیار، صنعت دوست نصاب، جدید تحقیق، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور طلبہ کو عملی مسائل کے حل کے لیے تیار کرنے کے وژن سے آگاہ کیا۔