کراچی( افضل ندیم ڈوگر) شارجہ سے کراچی آتے ہوئے پاکستانی کارگو کمپنی کا بوئنگ 737طیارہ اورماڑا کے قریب سمندر پر پرواز کے دوران لاپتا ہوگیا۔شارجہ سے کراچی آرہا تھا 35 ہزار فٹ کی بلندی پر غیرمعمولی حالات کا شکار، 5 منٹ میں نیچے آکر لاپتا ہوا۔طیارے میں 5 رکنی عملہ سوار تھا۔ پاک بحریہ کی ٹیموں نے رسکیو کا کام شروع کردیا ہے۔ اے ٹی آر طیارہ لاپتہ جہاز کی تلاش میں تربت سے روانہ ہوا۔ فلائٹ راڈار کے مطابق طیارہ رات نو بج کر 17 منٹ پر 35 ہزار فٹ کی معمول کی پرواز پر 790 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے منزل کی طرف ا رہا تھا کہ اچانک غیرمعمولی حالات کا شکار ہوا۔ پرواز کے ٹی اے 1732 کے طور پر شارجہ سے اڑان بھرنے والے طیارے نے اچانک یوٹرن لیا اور پھر 5 منٹ کے دوران 34 ہزار فٹ نیچے آ کر 1100فٹ کی بلندی اور 211 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ریڈار سے غائب ہوگیا۔ کے ٹو ایر ویز کا طیارہ 27 سال پرانا تھا۔ پاکستانی حکام کے مطابق طیارے کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اس سلسلے میں پاکستان نیوی اور دیگر اداروں سے بھی مدد طلب کی گئی ہے۔پاکستان ائیر پورٹ اتھارٹی نے نجی کمپنی کے طیارہ حادثے کی تصدیق کی ہے۔