کراچی( رپورٹ/ اخترعلی اختر ) سری لنکاکے کلچرکے رنگ، پاکستان کی ثقافت کے سنگ!! "کانیا" ڈانس شو کے ذریعے پاک سری لنکا دوستی کا جشن منایا گیا،مختلف ممالک کے قونصل جنرلز کی شرکت۔ آرٹس کونسل میں سری لنکا کے قونصل خانے کے اشتراک سے سری لنکن ثقافتی رقص پر مبنی خصوصی پروگرام "کانیا" کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ تقریب میں سری لنکا کے قونصل جنرل سنجیوا پٹیویلا، سمیت مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، سفارتی نمائندوں، کاروباری شخصیات اور فنونِ لطیفہ سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز پاکستان اور سری لنکا کے قومی ترانوں سے کیا گیا، جس کے بعد سری لنکا کی روایتی رسم کے مطابق معزز مہمانوں نے تیل کا چراغ روشن کیا۔ یہ روایت دوستی، اتحاد اور ثقافتی ہم آہنگی کی علامت سمجھی جاتی ہے۔جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے سری لنکا کے معروف کوریوگرافر اور ڈانس ڈائریکٹر چندانا وکرما سنگھے نے پاکستانی ناظرین کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ہمیشہ سری لنکن رقص اور ثقافت کو بے حد سراہتے ہیں۔ اس شو میں سری لنکا کے روایتی رقص، فیوژن اور پرکشن (تال پر مبنی موسیقی) کا حسین امتزاج پیش کیا گیا۔