کراچی(اسٹاف رپورٹر) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) نے اپنے گریڈ 1تا 16کے ملازمین کے لیے سال 2027کے حج کی قرعہ اندازی کامیابی سے مکمل کر لی، جس کے تحت دو ملازمین کو جامعہ کے خرچ پر فریضۂ حج ادا کرنے کے لیے منتخب کیا گیا۔ شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے ایک مستقل ملازم اور ایک کنٹریکٹ ملازم کا انتخاب کیا گیا۔ منتخب ہونے والوں میں شعبۂ اناٹومی، جے ایس ایم یو کے محمد شکیل اور آپریٹو ڈینٹسٹری/سندھ انسٹیٹیوٹ آف اورل ہیلتھ سائنسز کے محمد نعیم شامل ہیں۔ وائس چانسلر جے ایس ایم یو پروفیسر امجد سراج میمن نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جامعہ اپنے ملازمین کی روحانی فلاح و بہبود کے لیے پُرعزم ہے۔