کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ و کراچی ڈویژن کی ہدایت پر ضلع کیماڑی کے زیرِ اہتمام بھارتی آبی جارحیت اور سندھ طاس معاہدے کی غیرقانونی منسوخی کے خلاف "مرسوں مرسوں، سندھو نہ ڈیسوں" کے عنوان سے بلدیہ ٹاؤن آفس سے شیرشاہ پراچہ چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر سید وقار مہدی اور ضلع کیماڑی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی لیاقت علی آسکانی نے کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کی کوشش بین الاقوامی قوانین اور عالمی معاہدوں کی صریح خلاف ورزی اور خطے کے امن کیلیئے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کو ہتھیار یا سیاسی دباؤ کے طور پر استعمال کرنا انتہائی خطرناک اور غیر انسانی عمل ہے۔ پاکستان کا پانی روکنے یا اس پر قبضہ کرنے کی ہر کوشش پاکستان کی معیشت، زراعت، غذائی تحفظ، قومی سلامتی اور عوام کے بنیادی حق پر حملہ تصور کی جائے گی۔