کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان جہانزیب خان غوریزئی نے محکمہ میں غفلت اور ناقص کارکردگی کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ریسکیو اصغر علی جمالی کو فوری طور پر معطل کر دیا۔جاری کردہ دفتری حکم نامے کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر ریسکیو اصغر علی جمالی کو فرائض کی انجام دہی میں غفلت اور ناقص کارکردگی کی بنیاد پر معطل کیا گیا ہے، جبکہ انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ پی ڈی ایم اے کی تحویل میں موجود تمام سرکاری گاڑیاں فوری طور پر محکمہ کے حوالے کریں۔ ذرائع کے مطابق کارروائی کی بنیادی وجہ ایمرجنسی صورتحال کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر کی جانب سے سرکاری فون کال کا جواب نہ دینا بنی، جس پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے فوری نوٹس لیتے ہوئے معطلی کے احکامات جاری کیے۔اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان جہانزیب خان غوریزئی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے بلوچستان ایک ایسا ادارہ ہے جو 24 گھنٹے، ہفتے کے ساتوں دن عوامی خدمت اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متحرک رہتا ہے، اٗس لیے کسی بھی سطح پر غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ محکمے میں افسران سے لے کر کلاس فور ملازمین تک ہر فرد اپنی ذمہ داری پوری دیانتداری اور مستعدی سے ادا کرنے کا پابند ہے۔ جو بھی اہلکار اپنے فرائض منصبی میں کوتاہی یا ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا، اس کے خلاف بلا امتیاز سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے واضح کیا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ سے متعلق ادارے میں نظم و ضبط، بروقت رسپانس اور ذمہ داری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، جبکہ غفلت برتنے والے کسی بھی افسر یا ملازم کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔