لاہور (اپنے نامہ نگار سے) پیپلز پارٹی لاہور نے واضح کر دیا ہے کہ مینار پاکستان پر ورکرز کنونشن کا انعقاد ہر صورت کیا جائے گا، چاہے پنجاب حکومت اجازت دے یا نہ دے۔ اس بات کا اظہار پارٹی کے صدر لاہور فیصل میر نے پریس کانفرنس کے دوران کیا، جو مینار پاکستان پر کنونشن کی اجازت نہ دیے جانے کے خلاف طلب کی گئی تھی۔ پریس کانفرنس میں مجید غوری، خرم فاروق، احمد گھمن، ازین گلزار، طاہرہ جالب، عامر نصیر بٹ، امجد جٹ، راؤ شجاعت اور شاویز ندیم سمیت پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ فیصل میر نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے پانچ ہفتے گزرنے کے باوجود مینار پاکستان پر ورکرز کنونشن کی اجازت نہیں دی، جس پر پارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی نے پرامن احتجاج کا فیصلہ کیا تھا، تاہم ملکی صورتحال کے پیش نظر پارٹی قیادت نے احتجاج سے روک دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مسلم لیگ ن اور پنجاب حکومت کو پیپلز پارٹی کا جمہوری رویہ پسند نہیں آ رہا اور لاہور میں پارٹی کو سیاسی جگہ دینے سے گریز کیا جا رہا ہے۔