• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جے یو آئی سندھ کا مولانا فضل الرحمٰن کے بیانیے کی مکمل حمایت کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جے یو آئی سندھ کا مولانا فضل الرحمن کے بیانیے کی مکمل حمایت کا اعلان۔ جمعیت علماء اسلام سندھ کے امیر مولانا سائیں عبدالقیوم ہالیجوی نے کہا ہے کہ اگر مولانا فضل الرحمٰن نے کسی بھی آئینی، جمہوری اور پرامن تحریک یا عوامی جدوجہد کا فیصلہ کیا تو سندھ کا ہر کارکن صفِ اول میں اپنا کردار ادا کرے گا اور جماعت کی ہر ہدایت پر لبیک کہے گا۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کی آواز کو دبانے اور مولانا فضل الرحمٰن کے مؤقف کو غلط انداز میں پیش کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ مولانا فضل الرحمٰن نے قصور کے عوامی اجتماع میں ملک کے حقیقی مسائل، عوامی حقوق اور قومی معاملات پر حقائق پر مبنی گفتگو کی، جسے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن تنہا نہیں بلکہ پوری جمعیت علماء اسلام اور لاکھوں کارکن اپنے مرکزی امیر کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ ہر ممکن آئینی اور جمہوری جدوجہد کے لئے ہمہ وقت تیار رہیں اور جماعتی نظم و ضبط کو مقدم رکھتے ہوئے مرکزی قیادت کی ہدایات پر عمل کریں۔مولانا عبدالقیوم ہالیجوی نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ مولانا فضل الرحمٰن کے بیانیے، مؤقف اور قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتی ہے اور ہر سطح پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ جماعت کے کارکن ہر مشکل مرحلے میں اپنی قیادت کا ساتھ دیں گے اور عوام کے حقوق، آئین کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام صرف ایک سیاسی مذہبی جماعت نہیں بلکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ماہرین، اساتذہ، ڈاکٹرز، وکلاء انجینئرز، کسانوں، ہاریوں اور دیگر پیشہ ور افراد کی نمائندہ جماعت ہے، جو اپنی قومی، سماجی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔ جےیوآئی کے ہر کارکن کو اس کی ذمہ داری کا احساس ہے تاکہ وہ ملک و قوم کی خدمت میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکے۔
اہم خبریں سے مزید