• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہداء اور غازی قوم کا فخر، مولانا اپنے الفاظ واپس لیں، گورنر سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نےگورنر ہاؤس کراچی میں قومی پیغام امن کمیٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں شہداء کے احترام اور امن کے فروغ پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء اور غازی قوم کا فخر ہیں۔ امید ہے مولانا فضل الرحمن نے شہداء سے متعلق اپنے الفاظ واپس لے لیں گے۔گورنر سندھ نے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹریز کا دورہ،تقریبِ تقسیمِ اسناد سے خطاب اور عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان سے ملاقات بھی کی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ "شہید" قرآنِ مجید کا لفظ ہے، آئینِ پاکستان کا نہیں۔ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے اور ہمیں اپنے شہداء اور غازیوں پر فخر ہے، اسلام امن، محبت، برداشت اور رواداری کا مذہب ہے۔ پاک فوج، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، رینجرز، پولیس اور وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والا ہر فرد شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوتا ہے۔ قوم اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔پاک افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی انسانیت کی توہین کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر پوری قوم کو اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
اہم خبریں سے مزید