کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گندم ذخیرہ کرنے والوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے ، گندم اور آٹے کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے اور مصنوعی قلت یا قیمتوں میں ہیرا پھیری روکنے کیلئے ضروری اقدامات کرنے اور مارچ 2027 تک متوقع 21 لاکھ 10 ہزار میٹرک ٹن گندم کی کمی پوری کرنے کے لئے اضافی گندم کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔انہوں نے یہ ہدایات وزیراعلیٰ ہاؤس میں صوبے میں گندم کے ذخائر، مارکیٹ میں دستیابی، کھپت کے رجحانات اور آئندہ ضروریات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔