• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی سی سی بی ایس ایگزیکٹو بورڈ کے منٹس پر شدید اختلاف، سابق اجلاسوں کی کارروائی میں تبدیلی کی کوشش پر اعتراضات

کراچی (سید محمد عسکری) جامعہ کراچی کے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیکل و حیاتیاتی علوم (ICCBS) کے ایگزیکٹو بورڈ کے 32ویں اجلاس میں گزشتہ اجلاسوں کے منٹس میں مجوزہ ترامیم پر اراکین شدید اختلاف کا انکشاف ہوا ہے ۔ 32ویں اجلاس کے منٹس کے مطابق متعدد ارکان نے پہلے سے منظور شدہ منٹس میں تبدیلی کو قواعد و ضوابط کے منافی قرار دیتے ہوئے اس پر اعتراضات اٹھائے، جبکہ بعض ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ سابقہ کارروائی میں اہم حقائق درست طور پر ریکارڈ نہیں کیے گئے تھے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈاکٹر رضا شاہ نے بتایا کہ 28ویں اور 29ویں ایگزیکٹو بورڈ کے منٹس میں بعض تصحیحات کی ضرورت محسوس کی گئی ہے، جس کے لیے اصل اور نظرثانی شدہ منٹس بورڈ کے سامنے غور کے لیے پیش کیے گئے۔ پروفیسر ڈاکٹر قدیر راجپوت نے کہا کہ اگر منٹس میں کوئی غلطی یا کمی رہ گئی تھی تو اس کی تصحیح اگلے اجلاس میں ہی ہونی چاہیے تھی۔ ان کے مطابق 28ویں اجلاس کے منٹس کی توثیق 29ویں اجلاس میں اور 29ویں اجلاس کے منٹس کی توثیق 30ویں اجلاس میں ہونی چاہیے تھی، اس لیے بعد ازاں منظور شدہ منٹس میں تبدیلی مناسب نہیں۔ نادرہ پنجوانی نے کہا کہ مجوزہ تصحیحات بروقت جمع کرا دی گئی تھیں، تاہم ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاسوں کے درمیان طویل وقفے کے باعث یہ معاملہ حل طلب رہا اور 28ویں اور 29ویں دونوں اجلاسوں کے منٹس تاحال منظور نہیں ہو سکے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ 28ویں اجلاس کے منٹس میں موجود اہم غلطیوں کی نشاندہی انہوں نے اور عزیز جمال نے تحریری طور پر بھی کی تھی اور بعد کے اجلاس میں بھی یہ معاملہ اٹھایا گیا، لیکن ان کی تجویز کردہ تصحیحات آج تک زیر التوا ہیں۔ ایگزیکٹو بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد عراقی نے اس مؤقف سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ منٹس کی توثیق سے قبل اگلے اجلاس میں کسی قسم کی باضابطہ تصحیح پیش نہیں کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ 28ویں اجلاس کے منٹس اُس وقت کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری نے تیار کیے تھے، انہیں تمام ارکان میں گردش کے لیے بھیجا گیا اور بعد ازاں بورڈ نے ان کی منظوری دی۔ چیئرمین نے واضح طور پر کہا کہ 28ویں اجلاس کے منٹس میں کوئی غلطی موجود نہیں تھی۔ ڈاکٹر قدیر نے مزید کہا کہ پارلیمانی اور ادارہ جاتی طریقۂ کار کے مطابق ایک بار بورڈ سے منظور شدہ منٹس کو دوبارہ تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ پروفیسر ڈاکٹر اکمل نے بھی اس مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ جب اکثریتی ارکان منٹس کی توثیق کر دیں تو عمومی طور پر معاملہ دوبارہ نہیں کھولا جاتا، البتہ اگر کسی رکن کو اختلاف ہو تو اس کا اختلافی نوٹ منٹس کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔ اجلاس کے دوران نادرہ پنجوانی نے آئی سی سی بی ایس کے ڈائریکٹر سے مطالبہ کیا کہ ان کا باقاعدہ اختلافی نوٹ 28ویں ایگزیکٹو بورڈ کے منٹس میں شامل کیا جائے کیونکہ ان کے مطابق موجودہ منٹس میں ڈاکٹر ایم اقبال چوہدری کو آئی سی سی بی ایس کا اعزازی مشیر (Honorary Adviser) مقرر کرنے سے متعلق بورڈ کے اصل فیصلے کی درست عکاسی نہیں کی گئی۔ بحث کے دوران آئی سی سی بی ایس کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمٰن نے ادارے کی ترقی میں نادرہ پنجوانی، عزیز لطیف جمال اور مرحوم لطیف جمال کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برسوں میں ادارے کے اسٹیچیوٹس میں تبدیلی اور عطیہ دہندگان کا کردار ختم کرنے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم آئی سی سی بی ایس کو اپنی موجودہ قانونی حیثیت اور اسٹیچیوٹس کے مطابق ہی چلایا جانا چاہیے۔
اہم خبریں سے مزید