• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2 امریکی فوجی ہلاک، ایران نے اسلام آباد معاہدے پر عمل درآمد روک دیا، جنگ اور مذاکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، ناقابل فراموش سبق سکھائیں گے، تہران

تہران /واشنگٹن (اے ایف پی /نیوزڈیسک ) ایران کے بنیادی ڈھانچے پرامریکی حملے مسلسل ساتویں شب بھی جاری ‘واٹرپمپس‘بجلی تنصیبات اوردوپلوں کو نقصان پہنچا ‘دوسری جانب ایران نے جوابی کارروائیوں میں کویت‘ بحرین اور اُردن میں امریکی فوجی اڈوں اور اہم تنصیبات کوپھرنشانہ بنایا ہے۔پنٹاگون کےمطابق جمعہ کو اردن پر ایرانی حملوں میں دو امریکی فوجی ہلاک اور ایک لاپتہ ہو گیا ہے۔ سینٹرل کمانڈنے بتایاکہ چار دیگرزخمیوں کو علاج کے لیے اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ایرانی سرکاری ٹی وی کا دعویٰ ہے کہ پاسداران نے اردن میں امریکی اڈے پرحملے کے دوران دو لڑاکا طیاروں اور تین دیگر جہازوں کو تباہ کر دیا ہے۔کویتی حکام کے مطابق ایرانی حملے کے نتیجے میں ایک بجلی گھر اور واٹرپلانٹ تنصیب میں آگ لگ گئی ہے جبکہ ایک تیل تنصیب کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔آگ بجھانے کے دوران متعدد فائر فائٹرز زخمی ہو گئے ہیںجبکہ کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل کردیاگیا‘یمن کے ساحل کے قریب مسلح افراد نے ایک اور بحری جہاز پر قبضہ کر لیاجبکہ پانچ ماہ کے تعطل کے بعد شیراز اور دبئی کے مابین پروازیں بحال ہوگئی ہیں ‘ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی کا کہنا ہے کہ تہران نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت اپنے وعدوں پر عمل درآمد معطل کر دیا ہے۔ایران کے رہبراعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکا پر معاہدوں کی بار بار خلاف ورزی کا الزام عائدکرتے ہوئے کہاہے کہ ٹرمپ کے دستخط بے وقعت ہیں ‘ واشنگٹن نے اپنا حقیقی چہرہ بے نقاب کر دیا ہے جس سے اس کی مکاری اور بدنیتی کھل کر سامنے آ گئی ہے۔واشنگٹن کو ناقابل فراموش سبق سکھائیں گے ‘سپریم لیڈرکے فوجی مشیر محسن رضائی کا کہنا ہے کہ جنگ اور مذاکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ‘امریکی کارروائیاں جاری رہیں تو جنگ مزید جارحانہ اور تباہ کُن مرحلے میں داخل ہو جائے گی۔ایران اب خود کو صرف یکساں جوابی کارروائیوں تک محدود نہیں رکھے گا اور کوئی بھی سیاسی سرحد محفوظ نہیں رہے گی۔ تہران اس تنازع کو مکمل جنگ میں تبدیل کردیگا‘ آئی آر جی سی نے خبردار کیا ہے کہ امریکی جارحیت ختم ہونے تک خطے سے کیمیائی کھادوں یا تیل اور گیس کا ایک قطرہ بھی برآمد کرنا ممکن نہیں ہوگا۔آئی آرجی سی کے مطابق ہرمز سے بغیراجازت گزرنے کی کوشش کرنے والے چار بحری جہازوں کو میزائلوں اور ڈرونز کی مشترکہ کارروائی کے ذریعے روک دیا گیا ہے‘ایران کی وزارت صحت کے مطابق جولائی میں امریکا کے نئے حملوں کے بعداب تک50 افراد شہید اور 500سے زائد زخمی ہو چکے ہیں‘ پاسدارانِ انقلاب کے چیف کمانڈر کے ترجمان حمید رضا مقدم فر نے خبردارکیاہے کہ امریکی دباؤ سے عالمی توانائی کی سپلائی درہم برہم ہو سکتی ہے جس سے یورپ بھی متاثر ہو گا‘ خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل نے بحرین ‘ کویت اور اردن میں شہری تنصیبات پر ایرانی حملوں کو جنگی جرائم قرار دیدیا۔اقوامِ متحدہ میں ایرانی مندوب امیر سعید ایروانی نےسیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس کو لکھے خط میں سویلین انفرا اسٹرکچر پرامریکی حملے فوری رکوانے کا مطالبہ کیاہے جبکہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ہفتے کو اپنے اماراتی ہم منصب کے ساتھ فون پر بات چیت میں خلیج اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکا نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مفاہمتی یادداشت کے ہر پہلو کی خلاف ورزی کی ہے۔امریکا بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز میں ایران کے مقررہ روٹ سے ہٹ کر ایک متوازی راستے کو استعمال کرنے پر مجبور کر رہا ہے جو مفاہمت کی یادداشت کی شرائط کے سراسر خلاف تھا۔ایران کے نائب صدرمحمد رضاعارف نے کہاکہ امریکا نے مفاہمتی یادداشت کی سیاہی خشک ہونے سے پہلے ہی ایران پر حملہ کر دیا۔سعودی عرب نے ایران کی جانب سے خطے میں اہم شہری تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے حالیہ حملوں کو ایک بار پھر یکسر مسترد کرتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی فوج نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے خلاف مسلسل ساتویں رات ہونے والی فضائی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ سینٹرل کمانڈ کے مطابق کارروائیوں کے دوران نگرانی کے مراکز‘ فوجی لاجسٹک انفراسٹرکچر‘ زیر زمین اسلحہ گوداموں اور بحری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ایرانی میڈیا نے بتایاکہ ہفتے کی صبح ہرمزگان میں امریکی حملوں کے نتیجے میں تین افرادشہیداور آٹھ زخمی ہوئے جبکہ دو پلوں اور ایک سرنگ کو نقصان پہنچا۔جسک میں کئی میزائل بجلی کی تنصیبات اور پانی کو میٹھا کرنے والے پلانٹس پر گرے ہیں۔ دوسری جانب ایران نے جوابی کارروائی میں کویت‘ بحرین اور اُردن میں امریکی فوج کے اڈوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیاہے ۔کویت کی وزارت بجلی و پانی کا کہنا ہے کہ ایرانی حملے کے نتیجے میں ملک کے ایک بجلی گھر اور واٹرپلانٹ تنصیب میں آگ لگ گئی ہے اور بجلی پیدا کرنے والے کئی یونٹس نے کام کرنا بند کر دیا ہے جبکہ ایک تیل تنصیب کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔آگ بجھانے کے دوران کویت کے متعدد فائر فائٹرز زخمی ہو گئے ہیں‘ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ آپریشن شائن کے پندرہویں مرحلے میں خودکش ڈرونز کے ذریعے بحرین میں واقع شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر موجود طیاروں‘ فوجی تنصیبات اور ایندھن کے ذخائر کو نشانہ بنایا گیا ۔

اہم خبریں سے مزید